کیاسنگھ پریوار اسے بھی لوجہاد کا نام دیگا؟
نئی دہلی،23نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) سال 2015کے یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی)امتحان میں اول آکر شہ سرخیوں میں رہیں ٹینا ڈابی ایک بارپھربحث میں ہے۔دراصل ڈابی جلد ہی اطہر عامر خان کے ساتھ شادی کے رشتے بندھنے والی ہیں۔جموں کشمیر کے اننت ناگ کے رہنے والے اطہر 2015کی یوپی ایس پی امتحان میں دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ڈابی اور اطہر کے درمیان تعلقات کی اطلاع 9نومبر کو فیس بک پر ٹینا ڈابی کے نام سے بنے ایک فیس بک پروفائل سے ملی تھی جہاں دونوں کی ایک تصویر کے ساتھ لکھا گیا تھا،’’ان ای ریلیشن شپ ود اطہر عامر خان‘‘اس کے بعد سے ہی اس رشتے کی بحث ہونے لگی تھی اور اب ٹینانے انگریزی اخبار سے ٹائمز آف انڈیا سے بات چیت میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اطہر سے شادی کرنے والی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شادی کی تاریخ ابھی طے نہیں ہے لیکن جلد ہی دونوں کی منگنی ہونے والی ہے۔22سال کی ٹینا یو پی ایس سی امتحان میں پہلا مقام حاصل کرنے والی پہلی دلت خاتون ہیں۔ٹینا اور اطہر اس وقت مسوری میں واقع لال بہادر شاستری قومی انتظامیہ اکیڈمی میں ٹریننگ لے رہے ہیں،وہ دونوں پہلی بار 11مئی کو دارالحکومت دہلی میں واقع محکمہ پرسنول اینڈ ٹریننگ (ڈی او پی ٹی)کے نارتھ بلاک میں واقع دفتر میں ملے۔رپورٹ کے مطابق 23سال کے اطہر کو ان سے پہلی نظر میں پیار ہو گیا تھا۔ٹینا نے اخبار کو بتایا کہ ہم صبح ملے اور شام کو اطہر میرے دروازے پر تھا،اسے پہلی نظر میں پیار ہو گیا۔وہ بتاتی ہیں کہ اگست کا مہینہ آتے آتے ان پر بھی اطہر کا جادو چل گیا اور انہوں نے وہ پیغام قبول کر لیا،وہ کہتی ہیں کہ میں اطہر کو ہر روز اس کی لگن کیلئے شکریہ اداکرتی ہوں،وہ شاندار انسان ہیں۔